tapmad
  1. Home
  2. Blogs
  3. News

ستمبر 10, 2025

کراچی میں بارش، لیاری، ملیر ندیاں بپھر گئیں، پانی آبادیوں میں داخل، موٹر وے اور تعلیمی ادارے بند، ریسکیو کیلیے فوج طلب

کراچی میں بارش، لیاری، ملیر ندیاں بپھر گئیں، پانی آبادیوں میں داخل، موٹر وے اور تعلیمی ادارے بند، ریسکیو کیلیے فوج طلب
ہماری تازہ ترین اپ ڈیٹس کے لئے ہمیں واٹس ایپ پر فالو کریں!
WhatsApp
کراچی میں گزشتہ دو روز کے دوران وقفے وقفے سے ہونے والی مسلسل بارشوں نے شہرِقائد کو شدید متاثر کیا۔ تھڈو ڈیم کے بھرنے اور لٹھ ندی میں طغیانی کے بعد ملیر اور لیاری ندیاں بپھر گئیں، جس سے پانی اطراف کی آبادیوں میں داخل ہو گیا اور کئی علاقے سیلابی صورتِ حال سے دوچار ہیں۔سیلابی ریلے کے باعث ملیر، ایم نائن موٹروے، سہراب گوٹھ، خمیسو گوٹھ، نیو کراچی، سرجانی، مچھر کالونی اور سعدی ٹاؤن سمیت درجنوں علاقے متاثر ہوئے۔ مختلف سوسائٹیاں ڈوب گئیں جبکہ مساجد سے حفاظتی اعلانات شروع کر دیے گئے۔ ایوب گوٹھ، لاسی گوٹھ، حسن منان کالونی اور عیسیٰ نگری میں گھروں کے اندر پانی بھر گیا اور شہری پھنس گئے۔تھڈو ڈیم کے اوور فلو ہونے کے بعد سپر ہائی وے اور اس سے متصل آبادیوں میں پانی داخل ہو گیا۔ نیشنل ہائی وے، گلشن حدید لنک روڈ اور جمالی پل سمیت کئی مقامات پر ندی کا پانی سڑکوں پر آ گیا، جس سے کراچی اور حیدرآباد کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا۔ موٹروے پولیس نے تصدیق کی کہ ایم 9 کا بڑا حصہ زیرِ آب ہے اور پانی موٹروے کی دیوار سے ٹکرا رہا ہے۔ صورتحال پر قابو پانے کے لیے کرش بیریئر ہٹا کر پانی کے بہاؤ کو موڑنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت پر کمشنر کراچی نے ریسکیو اور امدادی ٹیموں کو متحرک کر دیا ہے، جبکہ پاک فوج اور رینجرز کے دستے بھی متاثرہ علاقوں میں پہنچ گئے ہیں۔ کشتیوں اور ریسکیو وہیکلز کی مدد سے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔ حسن منان کالونی اور سعدی ٹاؤن میں پھنسے شہریوں کو نکالا گیا، جبکہ بعض مقامات پر گاڑیاں پانی میں بہہ جانے کی اطلاعات بھی ملی ہیں۔میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے رات بھر مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور بتایا کہ چیف سیکرٹری کے ذریعے پاک فوج سےمدد طلب کی گئی ہے۔ ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں نے شہر میں رین ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ بارش سرجانی ٹاؤن میں 129.6 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، نارتھ کراچی میں 72.2 ملی میٹر، کورنگی میں 70.5 ملی میٹر اور ڈی ایچ اے فیز ٹو میں 70 ملی میٹر بارش ہوئی، جبکہ سب سے کم بارش جناح ٹرمینل پر 29 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کے پیش نظر کمشنر کراچی نے آج شہر کے تمام تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کیا ہے، جبکہ شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

متعلقہ خبریں