tapmad
  1. Home
  2. Blogs
  3. News

ستمبر 9, 2025

نیپال میں خانہ جنگی جیسے حالات، پارلیمان، سپریم کورٹ اور وزیراعظم کی رہائش گاہ نذرِ آتش

نیپال میں خانہ جنگی جیسے حالات، پارلیمان، سپریم کورٹ اور وزیراعظم کی رہائش گاہ نذرِ آتش
ہماری تازہ ترین اپ ڈیٹس کے لئے ہمیں واٹس ایپ پر فالو کریں!
WhatsApp
نیپال میں کرپشن مخالف مظاہرے خانہ جنگی کی شکل اختیار کر گئے۔ دارالحکومت کٹھمنڈو سمیت مختلف شہروں میں مشتعل مظاہرین نے پارلیمنٹ کی عمارت، سپریم کورٹ، وزیراعظم اور وزرا کی رہائش گاہوں کو آگ لگا دی، جبکہ کئی سرکاری عمارتوں اور سیاسی دفاتر پر دھاوا بولا گیا۔جھڑپوں کے دوران پولیس اور عوام کے درمیان شدید تصادم ہوا جس میں 21 افراد ہلاک اور 250 سے زائد زخمی ہوگئے، جن میں پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔صورتحال اس وقت مزید ڈرامائی ہوگئی جب مشتعل ہجوم نے وزیر توانائی دیپک کھڑکا کے گھر میں گھس کر تجوری توڑ دی اور لاکھوں کی رقم سڑکوں پر لٹا دی، جس کی ویڈیو دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ اسی طرح سابق وزیراعظم شیر بہادر دیوبا اور دیگر اہم شخصیات کے گھروں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔مظاہرین نے کرفیو کی پروا کیے بغیر پارلیمنٹ پر قبضہ جما لیا اور حکومتی دفاتر میں توڑ پھوڑ کی۔ نیپالی کانگریس پارٹی کے مرکزی دفتر کی کھڑکیاں پتھراؤ سے چکناچور ہوگئیں۔دوسری جانب مستعفی وزیراعظم کے پی شرما اولی کی مبینہ طور پر ملک سے فرار ہونے کی ویڈیو بھی سامنے آگئی، جس میں انہیں ہیلی کاپٹر کے ذریعے دبئی روانہ ہوتے دیکھا جا رہا ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے حکومت نے فیس بک، انسٹاگرام اور یوٹیوب سمیت متعدد سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پابندی عائد کی تھی، جس کے خلاف عوامی غصہ پھٹ پڑا۔ احتجاج کے دباؤ پر وزیراعظم اور تین وزرا مستعفی ہو چکے ہیں، مگر عوام بدستور کرپشن کے خلاف بڑے پیمانے پر احتجاج جاری رکھے ہوئے ہیں۔

متعلقہ خبریں