1. Home
  2. Blogs
  3. News

جولائی 1, 2025

عمران خان نے پارٹی قیادت کو 10 محرم کے بعد حکومت کیخلاف تحریک چلانے کی ہدایت کردی

عمران خان نے پارٹی قیادت کو 10 محرم کے بعد حکومت کیخلاف تحریک چلانے کی ہدایت کردی
ہماری تازہ ترین اپ ڈیٹس کے لئے ہمیں واٹس ایپ پر فالو کریں!
WhatsApp
پاکستان تحریک انصاف کے بانی و سابق وزیراعظم عمران خان نے پارٹی قیادت کو ہدایت کی ہے کہ 10 محرم الحرام کے بعد حکومت کے خلاف بھرپور تحریک شروع کی جائے۔راولپنڈی کی اڈیالہ جیل کے باہر عمران خان کی بہنوں نے میڈیا سے گفتگو کی، جنہوں نے عمران خان سے ملاقات کے دوران ہونے والی تفصیلات سے آگاہ کیا۔علیمہ خان اور نورین خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ عمران خان نے شکوہ کیا ہے کہ آج میری بہنوں کو صرف 15 منٹ کے لیے ملاقات کی اجازت دی گئی، جبکہ وکیل ظہیر عباس کو ڈیڑھ منٹ کی اجازت ملی۔ دیگر وکلا سلمان صفدر، سلمان اکرم راجا اور نیاز اللہ نیازی کو ملاقات کی اجازت تک نہیں دی گئی۔علیمہ خان کے مطابق عمران خان نے کہاکہ ان تمام رکاوٹوں کا مقصد مجھے سیاسی طور پر مائنس کرنا ہے۔ میں نے 26 ویں آئینی ترمیم پر بات کی تھی، جس کے اثرات اب سب کے سامنے آ رہے ہیں۔ اگر آپ لوگوں کا ووٹ چوری کرلیں اور کہیں کہ ووٹ کی کوئی اہمیت نہیں، تو یہ مارشل لا ہی ہے۔ اگر عدلیہ کو حکومت کا محکمہ بنا دیا جائے اور ججوں کے ساتھ جو سلوک ہو رہا ہے وہ جاری رہا تو ملک میں قانون کی حکمرانی ختم ہو جائےگی۔علیمہ خان کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے کہاکہ موجودہ اسمبلیوں میں بیٹھے افراد عوام کے ووٹ سے نہیں آئے بلکہ ان پر عوام کی مرضی مسلط کی گئی ہے۔ میڈیا کی آواز بند کی جا چکی ہے اور اب 27 ویں آئینی ترمیم لائی جا رہی ہے۔عمران خان کے بقول اس ترمیم کے بعد بہتر ہے کہ بادشاہت کا اعلان کر دیا جائے کیونکہ عوام کی آواز ختم کر دی گئی ہے۔ پاکستان ہندوستان سے آزادی کے بعد کلمہ طیبہ کے نام پر وجود میں آیا تھا، یہی کلمہ ہماری بنیاد ہے، لیکن آج قوم کو مکمل طور پر غلام بنایا جا رہا ہے۔ اگر یہ غلامی برقرار رہتی ہے تو میں پوری زندگی جیل میں گزارنے کو تیار ہوں۔علیمہ خان کے مطابق عمران خان نے اپنی جماعت کو واضح ہدایات دے دی ہیں کہ 10 محرم الحرام کے بعد اس غلامی کے نظام کے خلاف منظم تحریک شروع کی جائے۔انہوں نے پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن کے کردار کو سراہتے ہوئے مزاحمت کرنے والے اراکین کی تعریف کی اور کہا کہ اس وقت 26 اراکین ایسے ہیں جن پر مختلف پابندیاں عائد کی گئی ہیں، لہٰذا بہتر ہوگا کہ ہمارے ارکان اسمبلی کے باہر اپنی الگ اسمبلی لگائیں۔عمران خان نے تحریک انصاف کی قیادت کو واضح ہدایت دے دی ہے کہ تحریک کی تیاری مکمل رکھی جائے، اور ان کی طرف سے دی گئی رہنمائی سلمان اکرم راجا کو فراہم کر دی گئی ہے۔علیمہ خان نے مزید کہاکہ عمران خان کو جیل میں تنہائی میں رکھا جا رہا ہے، اور انہیں بنیادی حقوق تک نہیں دیے جا رہے۔ ان کے مطابق جیل انتظامیہ انہیں کتابیں تک مہیا نہیں کر رہی، 22 گھنٹے سیل میں بند رکھتے ہیں اور صرف 2 گھنٹے کے لیے باہر آنے کی اجازت ملتی ہے۔انہوں نے اعلان کیا کہ 10 محرم کے بعد پاکستان تحریک انصاف باضابطہ احتجاجی تحریک کے لائحہ عمل کا اعلان کرےگی۔

متعلقہ خبریں