1. Home
  2. Blogs
  3. News

جون 29, 2025

وزیراعظم نے ملک بھر میں بجلی کے بلوں میں ٹی وی لائسنس فیس ختم کرنے کا اعلان کردیا

وزیراعظم نے ملک بھر میں بجلی کے بلوں میں ٹی وی لائسنس فیس ختم کرنے کا اعلان کردیا
ہماری تازہ ترین اپ ڈیٹس کے لئے ہمیں واٹس ایپ پر فالو کریں!
WhatsApp
وزیراعظم شہباز شریف نے ملک بھر میں بجلی کے بلوں سے پی ٹی وی لائسنس فیس ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ توانائی کے شعبے کو درپیش بڑے چیلنجز میں بجلی کی چوری اور کھپت میں کمی شامل ہیں، جن پر قابو پانے کے لیے حکومت تیزی سے اصلاحات لا رہی ہے۔وزیراعظم نےاپنا میٹر، اپنی ریڈنگ منصوبے اور پاور اسمارٹ موبائل ایپ کے افتتاح کے موقع پر کہا کہ یہ منصوبہ عام صارفین کے لیے ایک انقلابی قدم ہے، جس سے میٹر ریڈنگ میں شفافیت آئے گی اور شکایات کا ازالہ ممکن ہوگا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اپنا میٹر، اپنی ریڈنگ منصوبے کا باضابطہ اجراء باعث اطمینان ہے، یہ اقدام شہریوں کو بااختیار بنانے کے ساتھ ساتھ ادارہ جاتی اصلاحات کی جانب اہم سنگ میل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اصلاحات کے عمل کو مزید تیز کیا جائے گا تاکہ بجلی کی قیمتوں میں کمی ممکن بنائی جا سکے۔انہوں نے بتایا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام تک منتقل کرتے ہوئے بجلی کی قیمتوں میں ساڑھے 4 روپے فی یونٹ جبکہ مجموعی طور پر ساڑھے 7 روپے فی یونٹ کمی کی گئی ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آئی پی پیز کے ساتھ مشکل مذاکرات، شرح سود میں کمی اور سرکلر ڈیٹ کا حل اس کامیابی کا حصہ ہے۔وزیراعظم نے توانائی کے شعبے میں سالانہ 500 ارب روپے کی بجلی چوری کو سب سے بڑا چیلنج قرار دیا اور کہا کہ اس پر قابو پانے کے لیے حکومت متحرک ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ بجلی تو موجود ہے، لیکن کھپت کم ہونے کی وجہ سے نظام پر بوجھ بڑھ رہا ہے، جسے متوازن کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت سولرائزیشن کی حوصلہ افزائی جاری رکھے گی، کیونکہ شمسی توانائی دنیا میں سب سے سستی بجلی کا ذریعہ ہے، اور پاکستان اس حوالے سے ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ تاہم ساتھ ہی صنعتی اور گھریلو صارفین کو سستی بجلی فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ اپنا میٹر، اپنی ریڈنگ ایپ کا اصل فائدہ عام صارف کو ہوگا، اور یہ ہر گھر کی سطح پر مثبت تبدیلی لائے گی۔ انہوں نے وزیر توانائی کو ہدایت کی کہ اس ایپ کو کراچی سے پشاور تک ہر گھر تک متعارف کرایا جائے اور اس میں مزید بہتری کے لیے وزارت اطلاعات کے ساتھ مل کر کام کیا جائے۔وزیراعظم نے ایپ کو پانچ زبانوں میں متعارف کرانے کوقومی خدمت قرار دیا اور کہا کہ اس سے زیادہ سے زیادہ صارفین مستفید ہو سکیں گے۔

متعلقہ خبریں