1. Home
  2. Blogs
  3. News

مئی 9, 2025

پی ایس ایل 10 کے بقیہ میچزاب دبئی میں ہوںگے، پی سی بی کی تصدیق

پی ایس ایل 10 کے بقیہ میچزاب دبئی میں ہوںگے، پی سی بی کی تصدیق
ہماری تازہ ترین اپ ڈیٹس کے لئے ہمیں واٹس ایپ پر فالو کریں!
WhatsApp
پاکستان اوربھارت کے درمیان ہونے والی حالیہ کشیدگی کے باعث پاکستان سپرلیگ سیزن10کے بقیہ میچز اب دبئی میں ہوں گے،پی ایس ایل 10میں آج کالاہورقلندرز اور پشاور زلمی کے درمیان میچ بھی ری شیڈول کردیا گیا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آج تصدیق کی ہے کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 10 کے باقی تمام میچز متحدہ عرب امارات (یو اے ای) منتقل کر دیے گئے ہیں۔ اس فیصلے کے تحت وہ آٹھ میچز، جو اس سے قبل راولپنڈی، ملتان اور لاہور میں کھیلے جانے تھے، اب یو اے ای میں منعقد ہوں گے۔میچز کا نیا شیڈول، جس میں تاریخیں اور وینیوز شامل ہوں گے، جلد جاری کر دیا جائے گا۔میڈیارپورٹس کے مطابق پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل 10) کے بقیہ میچز کےلیے غیرملکی کھلاڑی اور آفیشلز آج شام دبئی روانہ ہوں گے۔رپورٹ کے مطابق غیر ملکی کھلاڑی اور آفیشلز خصوصی پرواز کے ذریعے دبئی روانہ ہوں گے۔ پہلے فیز میں غیرملکی اور دوسرے فیز میں ملکی کھلاڑیوں کو دبئی بھیجا جائے گا، پی ایس ایل کے میچز اگلے 4 سے 5 روز بعد شروع ہوں گے۔واضح رہے کہ بھارت کی جانب سے مسلسل جارحیت اور دراندازی کے باعث گزشتہ روز راولپنڈی میں ہونے والا کراچی کنگز اور پشاور زلمی کا میچ منسوخ کردیا گیا تھا۔اس حوالے سے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کااپنے بیان میں کہناتھا پی سی بی ہمیشہ اس مؤقف پر قائم رہا ہے کہ کھیل اور سیاست کو الگ رکھا جانا چاہیے۔ تاہم، بھارتی حکومت کی طرف سے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کو نشانہ بنانے کے غیر ذمہ دارانہ اور خطرناک عمل کے پیش نظر، جو واضح طور پر ایچ بی ایل پی ایس ایل 10 کو سبوتاژ کرنے کی کوشش تھی، ہم نے باقی میچز کو یو اے ای منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ ہمارے ملکی اور غیر ملکی کھلاڑیوں، جو ہمارے معزز مہمان ہیں، کو کسی ممکنہ حملے سے محفوظ رکھا جا سکے۔ایک ذمہ دار ادارے کے طور پر، جو بارہا مشکلات پر قابو پا چکا ہے اور کرکٹ کے فروغ کو یقینی بنایا ہے، ہمارے لیے یہ انتہائی ضروری تھا کہ ہم ایچ بی ایل پی ایس ایل میں شریک تمام کھلاڑیوں کی ذہنی صحت کا خیال رکھیں۔مجھے افسوس ہے کہ ہمارے مقامی شائقین اور کرکٹ سے محبت کرنے والے افراد اب یہ میچز پاکستان کے میدانوں میں نہیں دیکھ سکیں گے۔ماضی کی طرح، ہمیں یقین ہے کہ ہمارے اسٹیک ہولڈرز اس مشکل وقت میں ہمارے ساتھ کھڑے ہوں گے تاکہ ٹورنامنٹ، کھلاڑیوں اور شائقین کے بہترین مفاد میں ہم اپنی کاوشیں جاری رکھ سکیں۔ ہم پُرعزم ہیں کہ یہ لیگ پہلے سے زیادہ مضبوطی کے ساتھ جاری رہے گی۔

متعلقہ خبریں