مئی 6, 2025
قومی اسمبلی اجلاس، بھارتی جارحیت کیخلاف تمام سیاسی جماعتیں یک زبان ہوگئیں

ہماری تازہ ترین اپ ڈیٹس کے لئے ہمیں واٹس ایپ پر فالو کریں!

قومی اسمبلی کے اجلاس میں بھارت کی جانب سے بڑھتی ہوئی جارحیت کے خلاف تمام سیاسی جماعتیں یک زبان ہو گئیں۔ ارکان اسمبلی نے واضح کیا کہ اگر بھارت نے کسی قسم کی مہم جوئی کی تو پاکستان بھرپور جواب دے گا۔قومی اسمبلی کےاجلاس کی صدارت اسپیکر سردار ایاز صادق نے کی، جس میں حکومت اور اپوزیشن کے مختلف رہنماؤں نے شرکت کی اور بھارت کو خبردار کیا کہ پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کا انجام سنگین ہوگا۔قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ بھارت اور پاکستان دونوں ہمسایے ہیں، بار بار جنگ کی بات نہ کریں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کئی جنگیں ہوئیں لیکن انڈس واٹر ٹریٹی کے خلاف کچھ نہیں ہوا، اس دفعہ پہلی بار مودی نے معاہدہ ختم کیا، پاکستان اس معاملے کو عالمی عدالت انصاف میں لے جائے، بھارت نے کوئی مس ایڈونچر کیا تو پاکستان سخت ترین جواب دے گا۔بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا تھا پاکستان سوچے گا نہیں جواب دے گا، اگر بھارت نے کوئی ’مس ایڈونچر‘ کیا تو پاکستان سخت ترین جواب دے گا، مودی کے انڈیا اور عام سیکولر انڈیا میں فرق ہے، مودی کا انڈیا مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کے قتل عام پر خوش ہے، بھارت کو پتا ہونا چاہئے کہ یہ غزہ طرز کی جنگ نہیں ہو گی، پاک بھارت جنگ ہوئی تو بہت آگے تک جائے گی۔پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی کا کہنا تھا کہ بھارت پاکستان کا پانی کسی صورت نہیں روک سکے گا، مودی کے الزامات کو ہم مسترد کرتے ہیں، دہشت گردی ہماری طرف بھی ہے، بھارت نے جعفر ٹرین حملے کی مذمت تک نہیں کی جبکہ ہم نے پلواما سے لے کر پہلگام تک ہر واقعے کی مذمت کی۔قومی اسمبلی میں پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے بعد بھارتی جارحیت کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پہلگام واقعے کے بعد مقتولین کا خون جمنے سے قبل ہی بھارت نے پاکستان پر الزام تراشی شروع کردی، سرحدیں بند کردیں اور نتائج سے دھمکانا شروع کردیا۔ بلاول بھٹو زرداری کاکہناتھا کہ سندھ طاس معاہدے کی معطلی انسانیت کیخلاف جرم ہے، پاکستان دہشت گردی برآمد نہیں کررہا بلکہ خود دہشت گردی کا شکار ہے، بھارتی حکومت غیرذمہ داری کا مظاہرہ کررہی ہے، پاکستانی قوم نے ڈر کر جینا نہیں سیکھا۔قومی اسمبلی میں پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے بعد بھارتی جارحیت کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بھارت پاکستان کواپنی نااہلی کاذمہ دار ٹھہرانے کی کوشش کررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم نے سر جھکا کر رہنا نہیں سیکھا ۔ پاکستان جدوجہد سے قائم ہوا اور پاکستانی قوم کی جدوجہد جاری رہے گی۔ مقبوضہ کشمیر میں خون کی ہولی کھیلی جا رہی ہے۔ بھارت کی کشمیر میں ریاستی دہشتگردی عروج پر ہے ۔ بھارت کو کشمیریوں پر مظالم بند کرنا پڑیں گے ۔قومی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے بہادر جوان ملک کے دفاع کے لیے سرحدوں پر موجود ہیں۔ بھارت کو یہ یاد رکھنا چاہیے پاکستانی قوم کسی کے سامنے جھکنے والی نہیں۔ بھارت کو ڈائیلاگ اور تباہی میں سے کوئی ایک راستہ چننا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی افواج تیار ہیں ۔ بھارت نے کوئی حماقت کی تو قوم کی مدد سے ہماری افواج سخت جواب دیں گی ۔ بھارت اپنی نااہلی کا ملبہ پاکستان پر ڈالنا چاہتا ہے۔ بھارت سُن لے، ہم سندھی پنجابی پٹھان بلوچ کشمیری بعد میں ہیں، ہم پہلے پاکستانی ہیں ۔ ہم ایک دل، ایک ذہن اور ایک مکے سے جواب دیں گے ۔اس موقع پراظہار خیال کرتے ہوئےمسلم لیگ ضیاء کے سربراہ اعجاز الحق نے کہا کہ ہر بحران میں قوم متحد ہوتی ہے، اور اس بار بھی پاکستان دشمن کو اس کی زبان میں جواب دے گا۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ قومی مفادات پر واضح اور جاندار موقف اپنائے۔جبکہ ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار نے مودی سرکار کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ اگر بھارت جنگ چاہتا ہے تو پھر جنگ ہی سہی۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی پاکستان نے بھارت کو منہ توڑ جواب دیا، اور اگر اب دوبارہ ایسا موقع آیا تو دشمن کی ہر سازش ناکام بنائی جائے گی۔قومی اسمبلی میں تقریر کرتے ہوئے وفاقی وزیر عطا تارڑ نے کہا کہ پاکستان کے سیاستدانوں نے سینے پر گولیاں کھائی ہیں، افواج اور پولیس نے دہشت گردوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔بھارت کی قوم مودی سرکاری کے خلاف آوازیں اٹھا رہی ہے، بھارتی قوم آج مودی سے سوال کررہی ہے کہ سفارتکاری میں ناکامی کیوں ہوئی؟ ہم نے پہلگام واقعہ پر ٹھیک وقت پر پتا کھیلا کہ تحقیقات کرالو، بھارت آہستہ آہستہ بند گلی میں جارہا ہے۔انہوں نے تنبیہ کی کہ ہماری جانب بڑھے تو تمہاری نسلیں یاد رکھیں گی، پوری قوم افواج پاکستان کے پیچھے کھڑی ہے، کل ہمارا ایل اوسی کا دورہ پورے بھارت میں دکھایا گیا۔اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم سمیت وزرا کی 22 سیٹیں خالی ہیں، یہ حکومت کی سنجیدگی ہے، پی پی پی کی قیادت موجود ہے، اپوزیشن موجود ہے مگر مسلم لیگ ن ایوان سے غائب ہے، حکومتی رویے سے لگتا ہے کہ حکومت سرنڈر کر چکی ہے، مسلم لیگ ن بھاگنا چاہ رہی ہے۔
متعلقہ خبریں
What to Watch

Samaa News
Watch Samaa News Live streaming online on Tapmad TV – Samaa TV is the first news channel in the country, broadcasting live news from...

Tensports
Catch all the action on ten sports live — your ultimate destination for cricket, football, wrestling, tennis, and more ...

Al Jazeera
Watch AL JAZEERA Live HD Stream online on tapmad TV. Al Jazeera is the English language, Qatari television news channel, headquartered...