1. Home
  2. Blogs
  3. News

ستمبر 2, 2024

غزہ میں انسداد پولیو مہم کا آغاز، پہلے روز 72 ہزار بچوں کی پولیو و یکسی نیشن مکمل

غزہ میں انسداد پولیو مہم کا آغاز، پہلے روز 72 ہزار بچوں کی پولیو و یکسی نیشن مکمل
غزہ میں اقوام متحدہ اور مقامی وزارت صحت کے حکام کی مشترکہ کوششوں سے پولیو ویکسی نیشن مہم جاری ہے۔گزشتہ روز غزہ میں تقریبا 72 ہزار بچوں کو پولیو ویکسین دی گئی ہے۔غزہ میں وزارت صحت نے اعلان کیا کہ اس نے مہم کے پہلے دن 72,611 بچوں کو قطرے پلائے۔عرب میڈیا کے مطابق اس مہم کے دوران غزہ کے کچھ علاقوں میں عارضی جنگ بندی کی گئی ہے، اتوار کے روز غزہ کی پٹی میں پولیو کے قطرے پلانے کی مہم باضابطہ طور پر شروع ہوئی تھی۔ اقوام متحدہ نے اعلان کیا کہ یہ مہم مرحلہ وار فلسطینی پٹی کے تمام علاقوں میں چلائی جائے گی، جو تقریباً 11ماہ سے تباہ کن جنگ کا سامنا کر رہی ہے، اس کے ساتھ انسانی جنگ بندی بھی ہو گی، جس کی شرائط مکمل طور پر واضح نہیں ہیں۔غزہ کی پٹی میں گزشتہ ماہ ایک چوتھائی صدی میں پولیو کا پہلا کیس سامنے آنے کے بعد اقوام متحدہ نے ویکسی نیشن مہم کا اعلان کیا تھا، وسطی غزہ کی پٹی میں ایک دس ماہ کے بچے میں پولیووائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔عالمی ادارہ صحت نے اعلان کیا تھا کہ اسرائیل نے غزہ بھر میں 6لاکھ چالیس ہزاربچوں کو ویکسی نیشن مہم چلانے کے لیے وسطی غزہ ، جنوب اور شمال میں ہر تین دن تک جاری رہنے والی انسانی ہمدردی کی بنیاد پر جنگ بندی کے سلسلے پر اتفاق کیا ہے لیکن اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے تردید کرتےہوئے کہا ہے کہ یہ عارضی جنگ بندی جنگ بندی نہیں ہے۔خیال رہے کہ اس سے قبل خبریں سامنے آئی تھیں کہ اسرائیل غزہ میں انسداد پولیو مہم کے دوران 3 روز کے لیے جنگ بندی پر آمادہ ہو گیا ہے، غزہ میں انسداد پولیو مہم اتوار سے منگل تک جاری رہے گی۔واضح رہے کہ غزہ میں اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں 7اکتوبر 2023 سے اب تک 40ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جبکہ 92ہزار سے زائد زخمی ہوئے ہیں جن میں اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے جبکہ ہزاروں لاپتا ہیں۔

متعلقہ خبریں